بدامنی کے پیچھے ڈرگ اور ریت مافیا کا ہاتھ:بی جے پی لیڈر سنجیو مٹندور
منگلورو 10؍جولائی (ایس او نیوز) ضلع جنوبی کینرا کی بگڑتی صورتحا ل اور پرتشدد واقعات اخباری بیانات ، ایک دوسرے پر الزام تراشی اور سیاست کا کھیل تیز ہوتا جارہا ہے۔
وشنو ہندو پریشد کے لیڈرجگدیش شینو نے اخباری بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ جنوبی کینرا میں بڑھتی ہوئی ہوئی بد امنی اور تشدد پر قابو پانے کے لئے مرکزی حکومت یہاں نیشنل ایونسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی یونٹ قائم کرے۔جبکہ بی جے پی لیڈر سنجیو مٹندور نے الزام لگایا ہے کہ یہاں پھیلی ہوئی بد امنی کے پیچھے ڈرگ مافیا اور ریت مافیا کا ہاتھ ہے۔سنجیو نے کہا کہ ریاستی حکومت مسلمانوں کی خوشامد کرنے میں لگی ہوئی ہے اور ضلع میں امن و امان قائم کرنے کی ذمہ داری نبھانے میں ضلع انچارج وزیر اور حکومت پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران بی جے پی جنوبی کینرایونٹ کے ایک او ر ذمہ دار نے الزام لگایا کہ ضلع میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بدسے بدتر ہوگئی ہے اورہندو ؤں کی حامی تنظیموں کی طرف دہشت گردوں کی طرح دیکھا جارہا ہے ۔ اگرہندو لیڈروں پر خواہ مخواہ کے الزامات یونہی لگائے جائیں گے تو بی جے پی خاموش نہیں بیٹھے گی، بلکہ اس کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے شروع کیے جائیں گے۔بی جے پی نے ضلع انچارج وزیر کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے یہ الزام بھی لگایا گیا کہ بنٹوال میں کشیدگی اور بدامنی پیدا کرنے میں میں کیرالہ سے تعلق رکھنے والی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث تنظیمیں ملوث ہیں۔اورانہی تنظیموں کے اراکین نے شرتھ کی لاش لے جانے والے جلوس پر پتھراؤ کیا تھا۔
اسی دوران وی ایچ پی اور وشوا ہندوپریشد کی جانب سے مقتول آر ایس ایس کارکن شرتھ کے خاندان کو 50ہزار روپے معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے۔